کراچی ( کامرس رپورٹر)چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت گوادر پورٹ میں اب تک 250ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، 5جدید نئی کرینیں نصب کی گئی ہیں، دو لاکھ 20ہزار گیلن صاف پانی روزانہ فراہم کیا جارہا ہے،گوادر میں سیویج ڈسپوزل سسٹم اور کارگو ہینڈلنگ کے لئے آلات بھی نصب کئے گئے ہیں۔پیر کو چینی سفارتخانہ کے طرف سے جاری دستاویزات کے مطابق پاکستان اور چین کے مابین گوادر پورٹ بین الاقوامی اور جدید بندرگاہ بنانے میں مدد ملے گی وہاں اقتصادی زونز کو عملی شکل دے کر پاکستان میں صنعتی انقلاب کیلئے راہ ہموار ہوگی۔دستاویزات کے مطابق گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے منصوبی18.9 کلو میٹر چار لین شاہراہ کی تعمیر کی جارہی ہے ،یہ شاہراہ گوادر بندرگاہ کو مکران کوسٹل ہائی وے، فری زون اور مستقبل کے کنٹینرز ٹرمینل سے ملائے گی، ایک دوسرے کے علم و تجربات سے فائدہ اٹھاکر باہمی مفید تعاون کے ذریعے سی پیک کو مستحکم انداز میں فروغ دیں گے تاکہ دونوں ممالک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کیا جائے۔ چائنا پاکستان اقتصادی راہدری معیشت کیلئے گیم چینجرثابت ہوگی۔