بینظیرقتل کیس: مشرف کے 2 منجمد اکاونٹس سے رقم نکلوانے کے انکشاف پرعدالت برہم

Jan 15, 2019 | 18:58

ویب ڈیسک

 انسداد دہشت گردی عدالت میں بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کے دوران اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے 2 منجمد بینک اکاونٹس سے رقم نکلوانے کے انکشاف پر عدالت کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا۔واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 اگست 2017 کو بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدرپرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیا تھا۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج اصغر خان نے منگل کوبینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سابق صدر اور کیس کے اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے 2 منجمد بینک اکاونٹس سے رقم نکلوائی گئی ہے۔جس پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ '2 بینکوں کے منجمد اکاونٹس میں سے رقم کس نے اور کیسے نکلوائی؟'عدالت نے ایس ایچ او تھانہ ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 فروری تک رپورٹ طلب کرلی۔ساتھ ہی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کی دیگر مکمل پراپرٹی اور اکاونٹس کی فہرست بھی طلب کرلی.

مزیدخبریں