سڈنی(آئی این پی) جنوبی افریقہ کے سابق کپتان و مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں واپسی کا عندیہ دے دیا۔انہوں نے آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 40رنز کی عمدہ اننگز سے فتح دلائی۔بعد ازاں ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں واپسی کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے بہت کچھ چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروٹیز ٹیم کی نئی انتظامیہ جن میں ڈائریکٹر گریم اسمتھ، کوچ مارک باچر اور کپتان فاف ڈو پلسی سے رابطے میں ہوں اور ہم سب مل کر اس پر کام کر رہے ہیں،میں خود کو اور اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کرنا چاہتا، ابھی میری ساری توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی جانب گامزن ہے۔بورڈ میں نئی انتظامیہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے اکثر لوگوں کے ساتھ میں نے کئی سال کرکٹ کھیلی ہے تو ان کے ساتھ رابطے میں مجھے کسی دشواری کا سامنا نہیں ہے۔واضح رہے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلسی نے تصدیق کی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ٹیم انتظامیہ سابق کپتان و مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ٹیم میں واپسی سے متعلق بات چیت کر رہی ہے۔اس سے قبل پروٹیز کے نومنتخب کوچ مارک بوچر نے دو دن قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ سابق کپتان سے ٹیم میں واپسی کے لئے بات کریں گے۔