لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے اعتراف کیا ہے کہ پی سی بی سنٹرل کنٹریکٹ میں"بی" کیٹیگری میں تنزلی پر انہیں دکھ ضرور ہوا تھا تاہم اس تنزلی نے انہیں بہتر پرفارم کرنے کا بھی چیلنج دیا جسے انہوں نے مثبت انداز میں لیا۔ بسمہ معروف نے کہا کہ پچھلے سال جب انہیںسنٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں اے سے بی کیٹیگری میں ڈالا گیا تھا تو انہیں تکلیف ہوئی لیکن اس کے بعد انہوں نے اور بہتر کرنے کا چیلنج لیا۔ ڈومیسٹک ہو یا انٹرنیشنل، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلیں، امید ہے ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کریں گی۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اگلے ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے ویمن ورلڈ ٹی ٹونٹی میں اچھے نتائج دے گی۔ ندا ڈار حال ہی میں آسٹریلیا میں کھیل کر آئی ہیں اور انہیں آسٹریلیا کی کنڈیشنز کا اندازہ ہے جس سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو میگا ایونٹ میں بہت فائدہ ہوگا، کوشش ہوگی کہ ندا کے تجربے سے مستفید ہوکر کھلاڑی آسٹریلیا کی کنڈیشن میں جلد از جلد ایڈجسٹ ہوں۔ کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ کیلئے ایک بیلنس سکواڈ منتخب کریں ، اس فارمیٹ میں بائولرز کیلئے مشکلات ضرور ہوں گی لیکن مثبت بات یہ ہے کہ پاکستانی بیٹرز نے پچھلے چند دنوں کے دوران کافی بہتری حاصل کی ہے جو ایک مثبت اشارہ ہے۔
سنٹرل کنٹریکٹ میں"بی" کیٹیگری پر دکھ ہوا مگر مثبت لیا:بسمعہ معروف
Jan 15, 2020