پاک چین بحریہ مشق سی گارڈینز2020بحیرہ عرب میں اختتام پذیر ہوگئی

Jan 15, 2020

اسلام آباد /سٹاف رپورٹر/پاکستان اور چینی بحریہ کے مابین جاری دوطرفہ مشق سی گارڈینز۔2020، بحیرہ عرب میں اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔ اس سلسلہ میں پر وقاراختتامی تقریب منگل کے روز پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ڑن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کے دوران ، وائس ایڈمرل آصف خالق نے مشق سی گارڈینز - 2020 میں شرکت اور تعاون کے لئے چینی جنوبی تھیٹر کمانڈ کا شکریہ ادا کیا علاوازیں انہوں نے دونوں ممالک بالخصوص دونوں بحری افواج کے مابین باہمی تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مشق سی گارڈینز۔ 2020 کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اظہار پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا. انہوں نے کہا کہ یہ مشق دونوں بحری افواج کے لئے ایک دوسرے سے سیکھنے اور دو طرفہ پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے میں نہایت مفید ثابت ہوئی جس سے خطے میں محفوظ میری ٹائم ماحول کے قیام میں مدد ملے گی۔قبل ازیں ، وائس ایڈمرل ڈانگ ڑن نے بحری مشق سی گارڈینزکے دوران چینی بحریہ کے بحری جہازوں اور عملے کی بہترین مہمان نوازی پر پاکستان بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس مشق سے دونوں ممالک کے مابین قائم دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی جس سے دونوں ممالک اور خاص طور پر دونوں بحری افواج کو فائدہ ہو گا۔ ایڈمرل نے اس دوران مشق کے خاتمے کا باضابطہ اعلان بھی کیا۔مشق کے دوران پاکستان اور چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈکے جہازوں پر مشتمل بیڑے اور میرین فورسز کے اہلکاروں نے بحیرہ عرب میں مختلف بحری مشقوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ مشق کے ہاربر اور سی فیز کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج کے اعلی عہدیداران نے مختلف سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔مشق سی گارڈینز۔2020 نو روز پر محیط تھی اس مشق کے انعقاد کا مقصد معاصر اور غیر روایتی خطرات سیپیشہ ورانہ طریقوں سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون کا فروغ تھا۔ مشق کی اختتامی تقریب میں دونوں بحری افواج سے تعلق رکھنے والے متعدد حکام شریک تھے۔

مزیدخبریں