شاہ محمود کی ہثیم بن طارق سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت

مسقط /اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے مسقط میں سلطنت عمان کے نئے حکمران سلطان ہثیم بن طارق سے ملاقات کی اور صدر مملکت، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی طرف سے سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے  مطابق عمان کے نئے حکمران  سلطان ہثیم بن طارق سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  پاکستان کی حکومت اور عوام، عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے  اور ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔ اس موقع پر سلطان ہثیم بن طارق نے کہا کہ عمان حکومت خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ سلطان ہیثم بن طارق السید نے عمان اور پاکستان کے مابین تعلقات کے فروغ کا عزم کیا اور مشرق وسطی میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی جانب سے امن کوششوں کو سراہا۔سٹاف رپورٹرکے مطابق  وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  آج امریکہ کے تین روزہ دورہ پر روانہ ہو رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 16، 17 جنوری 2020 کو واشنگٹن میں ہوں گے جبکہ 15 جنوری 2020 کو نیویارک جائیں گے جہاں سیکریٹری جنرل سمیت اقوام متحدہ کی قیادت سے ان کی ملاقات ہوگی۔ واشنگٹن میں وزیر خارجہ اپنے امریکی ہم منصب مائک پومپیو، قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن اور دیگر اعلی حکومتی عہدیداروں سے ملیں گے۔ وزیر خارجہ کیپٹل ہل میں بھی ملاقات کریں گے جبکہ دورہ کے دوران میڈیا، تھنک ٹینک اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتیں بھی ان کی مصروفیات کے شیڈول میں شامل ہیں۔ وزیرخارجہ سرکاری حکام سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے ان سفارتی رابطوں سے متعلق امور کوزیرغور لائیں گے جو انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں مشرق وسطی وخلیج کے خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کئے ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد کشیدگی میں کمی، اختلافات اور تنازعات کو سیاسی وسفارتی ذرائع سے حل کرنے کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔ وزیرخارجہ کا دورہ امریکہ انہی کوششوں کاایک حصہ ہے۔ وزیرخارجہ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس اہمیت کو اجاگرکریں گے جودونوں ممالک کی قیادت کی بصیرت کی روشنی میں پاکستان امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المدتی اور پائیدار شراکت داری کو دیتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن