لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل نے ملک بھر کے مدارس و مساجد کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ شدید سردی کے موسم کی وجہ سے بے سہارا افراد کیلئے مساجد و مدارس کے دروازے کھول دیں اور مخیر حضرات ایسے افراد کیلئے کھانے اور بستروں کا انتظام کریں۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رواں سیزن میں سردی کی لہر نے گزشتہ 50 سالہ ریکارڈ توڑ دیا‘ موسمی اثرات کا شکار سب سے زیادہ وہ افراد ہوتے ہیں جو بے سہارا اور غریب ہیں ‘ان کے پاس سر چھپانے کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہوتا‘ وہ رات کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ حکومت نے عارضی پناہ گاہیں قائم کی ہیں لیکن یہ ناکافی ہیں ‘ اس لئے ہم ملک بھر کے مدارس ومساجد کی انتظامیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ انسانی ہمدردی کے ناطے مساجد و مدارس کے دروازے ایسے بے سہارا افراد کیلئے کھول دیں تاکہ وہ رات ان مساجد اور مدارس میں قیام کریں۔