اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ خطہ میں امن و استحکام کیلئے اپنی سرگرم کاوشوں کے ساتھ پاکستان کا نمایاں اور قائدانہ حصہ ہے۔ ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع کیا جائے گا اور اس مقصد پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر، پاکستان امن و استحکام کیلئے اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء اجلاس نے جیو سٹریٹجک، اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر غور کیا جب کہ ملک کی داخلی سلامتی ، سرحدوں کے حالات، کنٹرول لائن کی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کے حالات بھی زیر غور آئے۔ شرکاء نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں مشرق وسطیٰ کے اندر سلامتی صورتحال اور خطہ کے امن و استحکام پر اس کے مرتب ہونے والے اثرات پر غور کیا۔کور کمانڈرز نے بھارت کی فوجی قیادت کی طرف سے پاکستان کے خلاف کارروائی جیسے اشتعال انگیز بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے تنبیہ کی کہ ان بیانات کے خطہ کے امن و استحکام پر اثرات مرتب ہوں گے۔