کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ شہر میں فروخت کی جانے والی تندوری روٹی کی قیمت سے بے خبر نکلی اور شہری انتظامیہ نے تندوری روٹی کی قیمت شہر میں فروخت کی جانے والی روٹی کی قیمت سے مختلف یعنی 2روپے کم مقرر کر دی ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے اس سلسلہ میں نوٹیفکشن جاری کیا ہے جس کے مطابق روٹی کی قیمت اس کے وزن کے مطابق ہو گی۔ جاری کر دہ نوٹیفیکشن کے مطابق 120 گرام پیڑے کا تندوری نا ن دس روپے کا ہوگا۔جبکہ 110 گرام پیڑے کی تندوری روٹی یا چپاتی آٹھ روپے کی ہو گی۔ یہ قیمت کراچی کے تمام اضلاع میں نافذ العمل ہو گی۔نوٹیفیکشن میں مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ڈیجیٹل وزن کر نے کی مشین اپنی دکان یا تندور پر نمایاں جگہ پر رکھیں گے۔نوٹیفیکشن کے ذریعے تمام تندور مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ روٹی کی نئی سرکاری قیمت کو واضح طور پر نمایاں جگہ آویزاں کریں گے۔ ہر معیار کے تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سرکاری قیمت پر روٹی دستیاب کریں گے۔۔ نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک
بیگ میں روٹی کی فروخت بھی ممنوع ہو گی۔ تندور مالکان ، ہوٹلز اور ریسٹورانٹس کے مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ روٹی بنانے والے عمل اور عملہ کی صفاء کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بنائیں گے۔واضح رہے کہ شہر بھر میں تندوری روٹی12روپے میں فروخت کی جارہی ہے اور چپاتی بھی10روپے میں فروخت ہورہی ہے جبکہ روٹی اور چپاتی کے پیڑے کے وزن میں بھی کمی کردی گئی ہے۔