خرطوم میں ہوائی اڈے کے نزدیک فائرنگ, سوڈان کی فضائی حدود عارضی طور پر بند

Jan 15, 2020 | 11:25

ویب ڈیسک

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں سراغرساں ادارے (جنرل انٹیلی جنس سروس) کے صدر دفاتر میں منگل کے روز فائرنگ کے واقعے کے بعد حکام نے عارضی طور پر ملک کی فضائی حدود پروازوں کے لیے بند کردی ہیں۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے کے بعد دارالحکومت کے ارد گرد صورت حال پر طاقت کا استعمال کیے بغیر قابو پا لیا گیا ہے۔

قبل ازیں عینی شاہدین نے جنرل انٹیلی جنس سروس کی دو عمارتوں میں فائرنگ کی اطلاع دی تھی لیکن یہ فائرنگ کس نے کی تھی،اس کے بارے میں دمِ تحریر کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی تھی۔

البتہ جنرل انٹیلی جنس سروس نے یہ کہا تھا کہ اس نے اپنے بعض ملازمین کو برطرف کردیا ہے۔وہ ادارے کی جانب سے خود کو ملنے والے سروس پیکج سے ناخوش تھے۔

سوڈان کی سکیورٹی فورسز نے سراغرساں ادارے کی ان دونوں میں سے ایک عمارت کی جانب جانے والی شاہراہ کو بند کردیا ہے۔یہ علاقہ سوڈان کے ہوائی اڈے کے نزدیک واقع ہے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا ہے کہ سراغرساں ایجنسی کے فوجی وردی میں ملبوس نقاب پوش اہل کاروں نے اس عمارت کے نزدیک شاہراہ پر چیک پوائنٹس قائم کردیے ہیں اور وہ ہوائی فائرنگ کرتے دیکھے گئے ہیں۔

سوڈان میں گذشتہ سال سابق صدر عمر حسن البشیر کے خلاف احتجاجی تحریک کو منظم کرنے والی سوڈانی پیشہ وروں کی تنظیم نے ریاستی ایجنسیوں سے اس معاملے کا نوٹس لینے اور اس میں فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم نےکہا ہے کہ اس طرح کی غیر ذمے دارانہ کارروائیاں روکی جائیں کیونکہ ان سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل رہا ہے۔
 

مزیدخبریں