برسلز (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل جاری فوجی محاصرے اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام پیر کو دوسرا ’’کشمیرآگاہی کیمپ‘‘ لگایاگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک روزہ کیمپ یورپی ہیڈکوارٹرز میں یورپی وزارت خارجہ کے دفتر کے سامنے لگایا گیا۔ اس سے قبل جمعرات کے روز رواںسال کا پہلا کشمیرآگاہی کیمپ لگایا تھا۔ آگاہی کیمپ کے اختتام پر جاری ہونے والے کشمیرکونسل ای یو کے ایک بیان کے مطابق، یہ آگاہی مہم سال بھرجاری رہے گی اور اس دوران آگاہی کیمپوں، مظاہروں، اجتماعات، کانفرنسوں، سیمینارز اور ملاقاتوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں یورپی اعلیٰ حکام اور یورپی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ آگاہی کیمپ کے دوران سخت سردی کے باوجود بڑی تعداد میں یورپی لوگوں نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم بند کروانے کے مطالبے کی حمایت کی۔کیمپ کے دوران یورپی باشندوں میں آگاہی کیلئے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور تنازعہ کشمیر کے حوالے سے معلوماتی بروشرز بھی تقسیم کئے گئے۔
برسلز :یورپی محکمہ خارجہ کے باہر کشمیرکونسل کے زیراہتمام ’’کشمیر آگاہی کیمپ‘‘
Jan 15, 2020