عدالتی فیصلوں سے ثابت ہو گیا طاقتور‘ عام آدمی کیلئے الگ الگ قانون‘ سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عدالتوں کے فیصلوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ طاقتو ر اور بااثر کے لیے ایک اور عام آدمی کے لیے دوسراقانون ہے۔ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کی اصلیت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ اوگرا اور نیپرا منتخب ادارے نہیں مگر فیصلے یہی کرتے ہیں۔ حکومت نے ڈیڑھ درجن کے قریب ریگولیٹرز بنا رکھے ہیں جو عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلارہے ہیں۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ان ریگولیٹرز نے بھی عوام کو یرغمال بنارکھاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران بے رحمی سے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ عوام کے لیے دو وقت کے کھانے کا انتظام مشکل ہو چکا ہے، غریب فاقہ کشی پر مجبور ہیں مگر حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر آئے روز تیل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں سن کر غریب بغیر کچھ خریدے گھر چلا جاتا ہے۔ دریں اثناء سراج الحق اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے آزاد کشمیر، بلوچستان اور شمالی علاقوں میں شدید برفباری سے ہونے والے نقصانات، خاص طور پر آزاد کشمیر میں تودے گرنے سے ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت اور زخمیوں کے لیے صحت یابی کی دعا ا ور متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا فرض تھا کہ لوگوں کو قدرتی آفات سے بچانے کے لیے پہلے سے انتظامات کرتیں۔

ای پیپر دی نیشن