اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے زلفی بخاری کی بطور چیئرمین پی ٹی ڈی سی بورڈکے علاوہ ایم ڈی تعیناتی اور نیشنل ٹورازم کوآرڈنیشن بورڈکی تشکیل کے خلاف درخواست میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے ۔ عارف محمود شاہ سمیت 14ملازمین کی درخواست پرسماعت کے دوران پی ٹی ڈی سی ملازمین کی جانب سے حافظ عرفات چوہدری ایڈووکیٹ اور کاشفہ نیاز ایڈووکیٹ پیش ہوئیں، اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت نیشنل ٹورزم کوآرڈینیشن بورڈ بنایا گیا جس پر وکیل نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد یہ معاملہ صوبوں کو منتقل ہو چکا وفاقی حکومت کو اختیارنہیں ، چیئرمین بورڈ پی ٹی ڈی سی کی تعیناتی بورڈ کا اختیار ہے ، چیئرمین بورڈ زلفی بخاری کی تعیناتی کابینہ نے خلاف قانون کی، منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی بغیر کسی اشتہار کے کر دی گئی ، استدعا ہے کہ زلفی بخاری کی بطور چیئرمین اور ایم ڈی کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے اورنیشنل ٹورزم کوآرڈینیشن بورڈ کی تشکیل کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے ، عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دوہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے ۔
زلفی بخاری کی ایم ڈی تعیناتی اور نیشنل ٹورازم کوآرڈنیشن بورڈکی تشکیل کیخلاف درخواست
Jan 15, 2020