کینیڈا سے تعلق رکھنے والی نومسلم بائیکر گرل اور ٹریول وی لاگر روزی گیبریل کی فقہی وابستگی اور مسلم نام سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
روزی گیبریل نے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی فقہ کی پیروی کریں گی اور نہ ہی اپنا نام تبدیل کریں گی۔
ویڈیو اور تصاویر شیئرنگ ایپلیکیشن (ایپ) پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کینیڈین سیاح نے ان سوالات کے جوابات دیے جو کہ قبول اسلام کے بعد ان سے زیادہ تر پوچھے جاتے ہیں۔
روزی گیبریل نے آئندہ برس حج یا عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا اعلان بھی کیا اور تحریر کیا کہ میرے خاندان نے بھی میرا قبول اسلام کا فیصلہ خوش دلی سے قبول کر لیا ہے۔
کینیڈین سیاح نے مستقل طور پر حجاب لینے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں یہ لازمی نہیں ہے اور میں ایسا نہیں کروں گی۔
انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ مجھے بیت سے لوگوں نے شادی کے پیغامات بھی بھجوائے ہیں مگر میں ابھی ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ اس سوال پر کہ کیا اب آپ سیاحت اور بائیک چلانا چھوڑ دیں گی۔ انہوں نے جواباً لکھا کہ قطعاً نہیں۔
روزی گیبریل نے تحریر کیا کہ قبول اسلام پر مجھے اندازے سے بڑھ کر محبت اور پذیرائی ملی ہے۔ کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے جس کا مجھے پہلے ہی اندازہ تھا۔انہوں نے اس پیغام کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ ایک بلی اٹھائے ہوئے تھیں جسے انہوں نے بچایا تھا۔ بلی کا نام روزی نے کردو رکھا ہے۔