اکثر لوگ احتجاج کرنے والے مظاہرین کی حمایت کرنے کے لیے احتجاج میں شرکت کر کے ان کی حمایت کرتے ہیں۔
لیکن ایک فرانسیسی شہری نے مظاہرین کی حمایت کرنے کے لیے ایک انوکھا ہی انداز اپنایا۔
خطروں سے کھیلنا ایڈونچر کے شوقین افراد کا پسندیدہ کام ہوتا ہے اور اسی شوق پر عمل درآمد کرتے ہوئے یہ افراد ایسے ایسے کام سرانجام دے دیتے ہیں جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ جاتے ہیں۔
اسی طرح حال ہی میں ایک فرانسیسی شہری جن کاموازنہ فلمی ہیرو اسپائڈر مین سے کیا جاتا ہے، نے مظاہرین کی حمایت کے لیے اسپائڈر مین کا انداز ہی اپنایا ہے۔
فرانس سے تعلق رکھنے والے57 سالہ الین رابرٹ فرانس میں پینشن اصلاحات کے خلاف جاری احتجاج میں مظاہرین کی حمایت کرنے کے لیے بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے پیرس کی 48 منزلہ بلند و بالا عمارت پر چڑھ گئے اور اس عمارت پر چڑھنے کے لیے انہیں 52 منٹ لگے۔
عمارت پر چڑھنے سے قبل ان کا کہنا تھا کہ لوگ اپنی زندگی کے 40 سال غلامی کر کے گزار دیتے ہیں اور انہیں اپنی نوکری پسند بھی نہیں ہوتی.انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ایک اچھی زندگی بسر کریں اس لیے آج سڑکوں پر جمع ہیں۔
الین رابرٹ کو دنیا بھر میں بغیر رسی کے بلند و بالا عمارتیں سَر کرنے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمارت پر چڑھنے کے دوران مجھے سردی کی وجہ سے بے حد مشکل ہوئی، میری عمر 57 سال ہے اور میں ریٹائرمنٹ سے قریب ہوں، میں صرف چڑھائی کر کے ہی پیسہ کماتا ہوں۔
فرانسیسی اسپائڈر مین کے اس کارنامے کا مقصد فرانس میں جاری پینشن اصلاحات کے خلاف مظاہرین کی حمایت کرنا تھا۔