وزیراعلی جی بی کی   معاونِ خصوصی  موسمیاتی تبدیلی سے ملاقات، گلیشیئرزکے تیزی سے پگھلنے سمیت مختلف امور پر بات چیت 

Jan 15, 2021

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)وزیراعلی گلگت بلتستان محمد خالد خورشید خان نے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے جمعرات کو یہاں وزارت موسمیاتی تبدیلی میں اہم ملاقات کی۔  ملاقات میں گلگت بلتستان کودرپیش موسمیاتی خطرات، ماحولیاتی آلودگی اورسالڈ ویسٹ مینجمنٹ  اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے سمیت مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ وزیراعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ مقامی درجہ حرارت میں اضافہ علاقائی گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کی اہم وجہ ہے، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث سیلاب کے خطرات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی واقعات سے بڑے پیمانے پر مقامی آبادی کو معاشی، سماجی، نفسیاتی مسائل کا سامنا ہے، گلگت بلتستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی جنگلات کے کٹائی کی اہم وجہ ہے۔ وزیراعلی گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور ملک بھر سے بڑی تعداد میں آنے والے سیاحوں کے باعث سالڈ ویسٹ جبکہ ہوائی اورآبی آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ملک امین اسلم نے گلگت بلتستان کے ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف مسائل سے نمٹنے کے لئے وزیر اعلی محمد خالد خورشید کو ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ 

مزیدخبریں