اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ سپیشل رپورٹر) پاکستان اور آذربائیجان نے زمینی و فضائی روابط کو بڑھانے اور کرونا کی عالمی وباء سے پیدا شدہ چیلنج کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ملکوں نے سیاست و سفارت کاری، سلامتی، تجارت، معیشت، توانائی، رابطہ کاری، تعلیم، اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان وزراء خارجہ کی سطح پر مذاکرات کا دور گزشتہ روز دفتر خارجہ میں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ آذری وفد کی قیادت آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آرمینیا کے ناجائز قبضہ سے آذربائیجان کے علاقوں کو آزاد کروانے پر آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارا عالمی سطح پر واضح موقف رہا ہے کہ آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم آذربائیجان کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں وسعت کے خواہشمند ہیں۔ ان مذاکرات میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین اقتصادی، تجارتی، دفاعی تعاون کے فروغ سمیت تعلیم، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے عوامی سطح پر روابط کے فروغ اور تجارتی تعاون کو بڑھانے کیلئے نئی ویزا پالیسی کا اجراء کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارتی ریاستی دہشتگردی کے حوالے سے اپنے آذری ہم منصب کو آگاہ کرتے ہوئے، عالمی برادری کی جانب سے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آذربائیجان کی جانب سے مسلسل حمایت پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آذر بائیجان کے وزیر خارجہ کو نوگورنو کاراباخ کی آزادی پر آذر بائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان آذر بائیجان کی علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔ صدر گذشتہ روز آذر بائیجان کے وزیر خارجہ جیہون پیراموف سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے ایوان صدر میں صدر سے ملاقات کی۔ صدر نے آذر بائیجان کی طرف سے او آئی سی کے رابطہ گروپ میں کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت پر آذر بائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ آذر بائیجان کے وزیر خارجہ نے نگورنو کاراباخ پر آذر بائیجان کے موقف کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آذر بائیجان مسئلہ کشمیر پر تمام بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا ساتھ دیتا رہے گا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاحت کا شعبہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس شعبہ میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ وہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کالج برائے ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔