لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں لاہور شہر میں صفائی کیلئے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ لاہور شہر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آپ محنتی اور باصلاحیت وزیر ہیں، آپ کو لاہور کو صاف ستھرا بنانے کی ذمہ داری دی ہے۔ صفائی کے لئے خراب مشینری کو جلد فنکشنل کر کے روڈ پر لایا جائے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور انتظامی افسر مشترکہ کاوشوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ اٹھائیں۔ اندرون شہر، چھوٹی آبادیوں اور پوش علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جتنی جلدی ہو سکے لاہور میں زیرو ویسٹ آپریشن مکمل کیا جائے۔ شہر کو صاف رکھنا چیلنجنگ ٹاسک ہے۔ سڑکوں کی صفائی کے ساتھ سٹریٹ لائٹس اور پیچ ورک کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں۔ کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی ایل ڈی اے کی پوری سپورٹ آپ کے ساتھ ہوگی۔ صفائی کے محنت اور جانفشانی کے ساتھ لاہور کو ایک بار پھر صاف ستھرا کر کے دکھائیں گے۔ شہر کا تفصیلی دورہ کر کے صفائی کے انتظامات اور شہری سہولتو ںکا خود جائزہ لوںگا۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا المیہ ہے۔ کرپشن کرنے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں۔ سابق ادوار میں سیاست کو کرپشن سے آلودہ کیا گیا۔ ماضی میں بے دردی سے قومی وسائل کو لوٹا گیا۔ سیاست کو ذاتی کمائی کا ذریعہ بنانا 22 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ کرپشن کے مضر اثرات سے پورا معاشرہ تباہ ہوتا ہے۔ ماضی میں کرپشن نہ کی جاتی تو پاکستان کا شمار آج ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا۔ کرپشن کے ذریعے معاشرے کو تباہ کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گا۔ عثمان بزدار نے راجن پور کے تھانہ حنیف غوری شہید داجل کی حدود میں زیادتی کے بعد بھتیجی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر خفیہ آپریشن کے دوران 3 سپاہیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرتی کے سپوتوں نے ملک و قوم کے کل کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے۔ شہداء کی جرأت اور بہادری کو سلیوٹ کرتے ہیں۔