آئینی و سیاسی حق کو غلط استعمال کیا تو جیسا کریں گے ویسا بھریں گے، وزیر داخلہ

 وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی ڈیل ہے نہ ڈھیل ہے، آئینی و سیاسی حق کو غلط استعمال کریں گے تو جیسا کریں گے ویسا بھریں گے، مولانا فضل الرحمن اس ملک پر رحم کھائیں، پی ڈی ایم کی قیادت سے ہمیں اتنا ڈر نہیں ہے، کچھ اور باتیں ہیں جن کا ابھی وقت نہیں آیا، پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے ہے وہ کھیلتی رہے، مولانا صاحب آخری 5 اوورز کا میچ کھیلنا چاہتے ہیں ، ہم ان کا احترام برقرار رکھیں گے، 8-10 دن تک براڈ شیٹ کا معاملہ چلے گا، مجھے تو نظر آرہا ہے الیکشن کمیشن آکر احتجاج کرنے کا اعلان بھی براڈ شیٹ کی نذر ہوجائے گا، یہ پاناما 2 ہے جس طرح پانامہ میں یہ کوئی جواب نہیں دے سکے اس میں بھی نہیں دے سکیں گے اور اس میں نئے نئے انکشافات ہوں گے۔جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ مفت شناختی کارڈ بنائے جائیں گے جبکہ تمام تحصیلوں میں ہیڈکوارٹرز قائم کئے جائیں گے تا کہ عوام کو شہروں کی طرف نہیں آنا پڑے، ویزے آن لائن کر دیئے گئے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک کمیٹی قائم کی ہے ، اپوزیشن الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی، کمیٹی سربراہی میرے ذمہ ہے اور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ احتجاج کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں لگانی ہے لیکن کوئی کھلی ڈھیل بھی نہیں ہے، الیکشن کمیشن ایک آئینی و قانونی ادارہ ہے، الیکشن کمیشن میں صرف سلطان سکندر نئے آئے ہیں، باقی سارے وہی ہیں جو نون لیگ پیپلز پارٹی کے دور میں لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اجازت کا مطلب کھلی چھوٹ بھی نہیں ہے اور اپوزیشن نے اگر قانون ہاتھ میں لیا تو پھر قانون حرکت میں آئے گا جبکہ فضل الرحمان سے کہوں گا کہ اس ملک کے حال پر رحم کھائیں پہلے انہوں نے اس ملک میں تفرقہ بازی کی کوشش کی، تفرقہ بازی میں ناکام ہوئے تو ختم نبوت کی بات چھیڑی تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایسا وزیر داخلہ لگایا ہے جو خود ختم نبوت کا سپاہی ہے، ختم نبوت کا سپاہی کبھی بھی ختم نبوت پر کوئی حرف بھی برداشت نہیں کر سکتا ہے جبکہ میں نے ختم نبوت پر سب سے زیادہ جیلیں کاٹی ہیں، اسرائیل کو تسلیم کر نے کی بات میں کوئی حقیقت نہیں ہے، عمران خان کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان نے پنڈی کی طرف لانگ مارچ کرنے کا بیان ٹی وی کی بریکنگ نیوز کےلئے دیا تھا کیونکہ ہمارے میڈیا بریکنگ زیادہ چلتی ہے جبکہ فضل الرحمان اسلام آباد میں ہی لانگ مارچ کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 19جنوری کو احتجاج میں اپوزیشن کا رویہ بھی دیکھیں گے اگر آئین و قانون میں رہیں گے اور اپنا حق کسی طرح سے ادا کریں جبکہ ہماری طرف سے کھلا اعلان ہے کہ آئین و قانون کے تحت آﺅ گے تو احترام پاﺅ گے، اگر آئین و قانون کو ہاتھ میں لو گے تو پھر آئین و قانون ان کو ہاتھ میں لے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت سے حکومت کو کوئی ڈر نہیں ہے، فضل الرحمان پانچ روز کا صبح کھانا چاہتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے، اپوزیشن جیسا کرے گی ویسا بھرے گی، میری درخواست اتنی ہے کہ آئین کا احترام کریں، کوئی سیاست انتشار اور خلفشار نہیں چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جانے بچانے کےلئے اپنی اولاد کو باہر رکھتے ہیں اور مار کھانے کےلئے عوام کے بچوں کو آگے لاتے ہیں جبکہ پی ڈی ایم کو آئین و قانون کی پابندی کرنی ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن