کہروڑپکا (خبر نگار) ٹمبر مافیا، جنگلات اور انہار ملازمین کا گٹھ جوڑ۔ لاکھوں روپے کے قیمتی پرانے درختوں کا صفایا۔ جدید کٹر مشین سے منٹوں میں درخت کاٹ کر ٹریکٹر پر لاد کر غائب۔ افسران خاموش تماشائی بن گئے۔تفصیل کے مطابق موضع چوکی رنگو خان، چوکی مستی، مسیت والا، آڑھی والا اور گردونواح میں بسنت مائنر اور نہر کے اردگرد پرانے قیمتی درختوں کی چوری کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی درجن سے زائد قیمتی درخت کاٹے گئے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انہار کے ملازمین اسلم بیلدار، نواب بیلدار، محکمہ جنگلات کا آصف نامی گارڈ اور دیگر عملہ ٹمبر مافیا کے ساتھ ملکر درخت چوری کرانے میں ملوث ہے۔ انہار ملازمین کو محکمہ انہار کے مقامی ریٹائرڈ آفیسر سلیم خان بلوچ کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے ،علاقہ مکینوں کے مطابق چوروں نے ٹریکٹر پر جدید آرا مشین نصب کی ہوئی ہے۔ جسکی مدد سے 5 منٹ میں درخت کاٹ کر ٹریکٹر پر لاد کر فوراً غائب کر دہے جاتے ہیں۔