اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان اٹامک انرجی کمشن (PAEC) نے گلگت انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی (GINOR)کے نام سے اپنے 19ویں اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (AECH) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمشن کو بین الاقوامی جوہری توانائی کے تصور کردہ ایٹم فار پیس پروگرام پر عملدرآمد کا اہم کردار سونپا گیا ہے۔ مجھےPAEC کے زیر انتظام 19ویں کینسر ہسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جو یقیناً گلگت بلتستان کی تقریبا 15 لاکھ کی آبادی کو بڑا ریلیف فراہم کرے گا۔ قبل ازیں ممبر سائنسPAEC ڈاکٹر مسعود اقبال نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ افتتاحی تقریب سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج اور چئیرمین پاکستان اٹامک انرجی کمشن محمد نعیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔