دوسری جماعتوں سے مل کر تبدیلی لائیں گے، پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا: حمزہ

Jan 15, 2022

لاہور (اپنے نامہ نگار سے، نیٹ نیوز، آئی این پی) لاہور بنکنگ جرائم کورٹ نے ایف آئی اے کے عدالتی دائرہ اختیار کا اعتراض منظور کرتے ہوئے  چالان ایف آئی اے کو واپس کردیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو سات روز تک شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ وکیل نے شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا جبکہ حمزہ شہباز شریف نے  حاضری مکمل کرائی۔ شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے بینکرز کو کلین چٹ دے دی۔ ایف آئی اے کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں بینکرز کا کوئی رول نہیں ہے۔ بینکنگ جرائم کورٹ کے جج  نے ایف آئی اے کی عدالتی دائرہ اختیار کی درخواست منظور کرلی اور چالان ایف آئی اے کو واپس کردیا۔ ایف آئی اے نے کیس دوسری عدالت بھجوانے کی استدعا کی تھی۔ شہباز شریف کے وکیل امجد نے  استدعا کی کہ اگر عدالت مناسب سمجھے تو کیسز سینٹرل جج کے پاس بھجوا دے۔ بینکنگ جرائم کورٹ نے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ایف آئی اے کے عدالتی دائرہ اختیار کا اعتراض منظور کرلیا۔  عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو سات روز میں دوبارہ ضمانت کیلئے رجوع کرنے کا حکم دیا۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ایوان میں دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر تبدیلی لے کر آئیں گے۔ پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکلے گا۔ سر پکڑ کر بیٹھے ہیں کہ اس نااہلی، نالائقی کا کیا بندوبست کیا جائے۔ سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا۔ 2 روز قبل عمران نیازی نے کہا مہنگائی ہے تو حکومت کیا کرے۔ عمران نیازی کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ عمران نیازی سے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے 2 لفظ نہیں بولے جاتے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں ان کے حواری سوال اٹھا رہے تھے۔ ان کے حواری بھی جان گئے عوام میں کس منہ سے جائیں گے۔ ہم پر منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزامات لگاتے تھے۔ ہم تو 4 سال سے پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ الیکشن کمشن اکروٹنی کمیٹی نے عمران نیازی کو سرٹیفائیڈ چورق قرار دیا، الیکشن کمشن سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے سب کچھ بے نقاب کر دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہونے جا رہا ہے۔ عمران نیازی ! اپنی آنکھوں کی پٹیاں کھولو، بنی گالاکی پہاڑی سے نیچے اترو، 22 کروڑعوام بنی گالا کے محل میں نہیں رہ سکتے۔ پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکلے گا۔ جھوٹے عمران نیازی کو اب بھاگنے نہیں دیں گے۔ ریاست مدینہ کا دعویدار آج اللہ کی پکڑ میں ہے، ہم عوام میں سڑکوں پر اور پارلیمنٹ میں اس شخص کا محاسبہ کریں گے۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ یہ ملک ڈوب رہا ہے۔ عوام سسکیاں لے رہے ہیں۔ مزدور غربت کی دہائیاں دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں