راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر سہیل الطاف کو وفاقی ٹیکس محتسب سیکریٹریٹ کا اعزازی بزنس کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ صدر چیمبر ندیم رؤف نے سہیل الطاف کی بطور اعزازی بزنس کوآرڈینیٹر تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ راولپنڈی چیمبر کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، بطور کوآرڈینیٹر سہیل الطاف کومقامی چیمبرز آف کامرس، ٹریڈ ایسوسی ایشنز، مارکیٹ ایسو سی ایشنزاور تنظیموں کے ساتھ قریبی رابطے رکھنے کی ذمہ داریاں دی گئیں ہیں۔ٹیکس پئیرز کے مسائل کی نشاندہی اور حل کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کے ایڈوائز ر کے ساتھ رابطے بڑھانے اور ٹیکس گزاروں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے فعال کردار ادا کرنا بھی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ندیم رؤف نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سہیل الطاف نجی شعبے اور وفاقی ٹیکس محتسب کے درمیان ایک موثر رابطہ کار اور پل کا کردار ادا کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی خاص طور پر ٹیکس گزارو ں کے مسائل حل کریں گے۔