اسلام آباد(نامہ نگار)فیڈرل بورڈ برائے انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے طلبا کی فکری صلاحیتوں کو صحیح طور پر جانچنے کیلئے مختلف تعلیمی ماہرین کی مشاورت سے ایک ٹریننگ مینول تیار کیا ہے۔ جمعہ کو وفاقی تعلیمی بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ اس ضرورت کا ادراک کیا گیا کہ پرانے نظام جس کے تحت نظریات و جزیات کو سمجھنے سے زیادہ یاد کرنے اور رٹا لگانے پر زور دیا جاتا تھا ، کی بجائے حاصلات تعلم پر مبنی ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں بچوں کی فکری اور وقوفی صلاحیتوں کو صحیح طور پر جانچا جا سکے۔ اس کتابچہ میں بیان کیے گئے افکار و نظریات کو موثر طور پر اساتذہ اکرام تک پہنچانے کے لیے ، وفاقی تعلیمی بورڈ نے سوالیہ اجزاتیار کرنے والوں اور مختلف مضامین کے سوالیہ پیپر سیٹ کرنے والوں کے لیے ایک جامع تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا ہے۔