نئے ٹیکسوں  کے باعث مہنگائی کا نہ تھمنے والا سیلاب آنے والا ہے، اجمل بلوچ


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کی صدارت میں کور کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل محمد نعیم میر، پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ، جنرل سیکرٹری پنجاب رؤف مغل،کے پی کے کے صدر ملک مہر الہی، جنرل سیکرٹری احسان باچہ، سینئر نائب صدر کے پی کے شکیل صراف جنرل سیکرٹری آزادکشمیر شوکت نواز میر ، بلوچستان کے جنرل سیکرٹری میر یاسین مینگل، سیکرٹری اطلاعات خالد چوہدری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عرفان چوہدری، اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں پوائنٹ آف سیلز کی تحریک دوبارہ چلانے پر غور ہوا اور فیصلہ کیا گیا کہ آل پاکستان تاجر کنونشن 17 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے منی بل کی صورت میں عوام پر عذاب نازل کیا ہے۔ چھوٹے چھوٹے دکانداروں کی سیلز ٹیکس میں جبری رجسٹریشن کی جا رہی ہے نئے ٹیکسوں کی وجہ سے مہنگائی کا نہ تھمنے والا سیلاب آنے والا ہے۔ 17 فروری سے ایف بی آر کے خلاف تحریک چلانے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس سے سیکرٹری جنرل محمد نعیم میر  نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوائنٹ آف سیلز ڈیوائس کا تجربہ عملاً ناکام ہوچکا ہے۔ جن لوگوں نے ڈیوائس لگوائی ہے ان کی سیلز میں 30 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہو چکی ہے۔ تاجروں کی تحریک کا تسلسل قائم رکھا جائے گا اور اسلام آباد میں منعقد ہونے والا تاجر کنونشن فیصلہ کن تحریک کا حامل ہوگا۔پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر معاملات کو ٹھیک سمت میں لے جانے کا کردار ادا کرے ورنہ ملک کا نقصان  ہوگا جنرل سیکرٹری پنجاب رؤف مغل نے کہا کہ ایف بی آر تاجروں کو امتحان میں  نہ ڈالے ورنہ تاجروں کا احتجاج اب رکے گا نہیں۔ کے پی کے کے صدر ملک مہر الہی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئیکہا کہ حکومت نے ایف بی آر کو ٹھیک کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔جنرل سیکرٹری احسان باچا نے کہا کہ ہم نے تو ایف بی آر کو فرینڈلی بورڈ آف ریونیو بنایا تھا لیکن انہوں نے ایف بی آر کو پولیس اسٹیشن بنا دیا ہے۔آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہمیں دوستانہ ماحول میں عبداللہ یوسف جیسے ایک اچھے ٹیکس کلکٹر کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے جنرل سیکرٹری میر یاسین مینگل نے کہا کہ ضرورت پڑی تو بلوچستان کے تاجر ہر طرح کی قربانی کے لئے تیار ہونگے۔ کور کمیٹی نے کئی دیگر فیصلے کیے اور تحریک چلانے کا اعادہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن