کراچی ( نیوز رپورٹر )جامعہ کراچی کے ممتازفارغ التحصیل طلبہ کی انجمن یونی کیرئینز انٹرنیشنل ،وائس چانسلرجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی،روئسائے کلیہ جات ،صدرآرٹس کونسل احمد شاہ ،یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے صدر اعجاز احمد فاروقی ،ممبر سنڈیکیٹ وسینٹ، عمائدین شہر، اساتذہ اور انتظامی عملے کی کثیرتعداد نے جمعہ کے روز جامعہ کراچی کے مرکزی دروازے سلورجوبلی گیٹ پر نواردان جامعہ کا پرتپاک استقبال کیا۔یوم جامعہ کی تقریب کاآغاز حفاظ کرام کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ جامعہ کراچی کے مرکزی دروازے پر داخلے سے قبل حفاظ کرام تلاوت قرآن فرماتے ہوئے جامعہ کراچی میں داخل ہوئے اوروہاں پر موجود تمام نواردان جامعہ اور دیگر افراد کے ہمراہ جلوس کی شکل میں انتظامی عمارت تک گئے۔ ازاں بعد انتظامی عمارت کے پارکنگ گرائونڈ میںپُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد محمودعراقی،احمد شاہ ،پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اورصدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پرممبر سنڈیکیٹ وسینٹ ،عمائدین شہر، اساتذہ، طلبہ ا ور غیر تدریسی عملے کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں نظامت کے فرائض مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے انجام دیئے اور جامعہ کراچی کی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب کا انعقاد جامعہ کراچی اور یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلرکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام نواردان کو جامعہ کراچی میں خوش آمدید کہتاہوں ۔ جامعہ کراچی پاکستان کی سب سے بڑی جامعہ اور منی پاکستان ہے اس گلدستہ ملت میں ہررنگ و آہنگ کے معطرپھول آراستہ ہیں اور یہ امتیاز ملک کی کسی دوسری جامعہ کو حاصل نہیںہے اوریہاں پرزیرتعلیم طلبہ ایک مثالی ہم آہنگی کا مظہر ہیں جس پر ہم سب کو فخرہے۔ آرٹس کونسل کراچی کے صدرمحمداحمد شاہ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے والدین جب ہمیں حصول علم کے لئے روانہ کرتے ہیں توان کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جو اپنی زندگی میں نہیں کرپائے تو وہ اپنا مستقبل آ پ کی شکل میں دیکھتے ہیں۔آج سے تیس ،پینتیس سال قبل ایک کتاب منگوانے میں مہینہ ،ڈیڑھ لگ جاتاتھا لیکن عصرحاضر میں جدیدٹیکنالوجی نے آپ کی رسائی ہرچیز تک ممکن بنادی ہے اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس سے کتنا استفادہ کرتے ہیں۔ جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ جامعہ کراچی کا پوری دنیا میں ایک نام ہے اور اس کی ڈگری کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔کسی بھی فیکٹری کی اہمیت کا اندازہ اس کی پروڈکٹ سے ہوتاہے اور تعلیمی اداروں کا پروڈکٹ اس سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ ہوتے ہیں ۔جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل طلبہ جب عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں اور قومی بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دینے جاتے ہیں توان کی کارکردگی دیکھ کر انہیں بہت اہمیت دی جاتی ہے صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے نواردان جامعہ کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ خوش نصیب ہیں کہ آپ لوگ جامعہ کراچی میں تلاوت کلام پاک کے سائے میں داخل ہوئے اورکسی بھی جامعہ میں نواردان کا اس طرح سے استقبال نہیں کیاجاتا کہ جہاں پر شیخ الجامعہ سمیت تمام اساتذہ ،انتظامی عملہ اور عمائدین شہرکی کثیر تعداد ہزاروں طلبہ کے استقبال کے لئے موجود ہوں۔ اس بات سے یقینا آپ لوگ بھی بخوبی واقف ہیں۔
فروغ علم پہلی ترجیح،نوجوانوں کی تعلیم سے مزین کر رہے ہیں،خالد عراقی
Jan 15, 2022