اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی (نامہ نگار،سٹی رپورٹر، جنرل رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی، اے پی پی) ملک میں کرونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بڑھ کر 7فیصد سے زائد ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 3 ہزار 567 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 7 مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 362 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 36 فیصد پر آگئی۔ اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر این سی او سی نے بوسٹر لگوانے کی عمر میں مزید کمی کردی۔ این سی او سی کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا کہ18سال سے زیادہ عمر کے شہری اپنی ویکسین کے مطابق یا مکس بوسٹر کی مفت خوراک لگوانے کے اہل ہوں گے۔ این سی او سی نے ہدایت کی کہ بوسٹر مکمل ویکسی نیشن کے 6ماہ کے وقفے کے بعد دی جائے گی۔ کراچی میں کرونا کی مثبت شرح 29 فیصد ہوگئی ہے۔راولپنڈی میں 6 اومیکرون مریض سامنے آگئے ہیں، 40 مریض کے ٹیسٹ لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں۔ محکمہ صحت راولپنڈی کے ترجمان نے بتایا کہ ضلع میں 226 کیمپ کام کررہے ہیں۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق 54 سال کی سویڈش وزیراعظم میگڈلینا اینڈرسن اور فرانسیسی وزیر صحت اولیورکا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وزیراعظم گھر پر قرنطینہ میں ہیں اور گھر سے ہی اپنے فرائض انجام دیں گی۔ عالمی اداہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا وائرس کے دو نئے علاج کی منظوری دی ہے اور وائرس کی وجہ سے مرض کی شدت اور موت کو روکنے کے لیے ویکسین کے ساتھ ساتھ کچھ آلات کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں برس مارچ تک یورپ کی نصف آبادی اومی کرون سے متاثر ہو سکتی ہے۔ متحدہ عرب امارات اور کویت میں کرونا کیسز بڑھ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے بھار ت کیلئے کرونا وائرس کے حوالے سے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کی مہلک قسم اومیکرون تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے وبا کی دوسری لہر جیسی تباہی اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔ہانگ کانگ نے کرونا کے باعث بیشتر ملکوں سے ٹرانزٹ پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایک ماہ کیلئے تقریباً 150 ملکوں کی ٹرانزٹ پروازیں منسوخ کی جائیں گی۔
کرونا