لاہور(نامہ نگار) باغبانپورہ کے علاقے میں مسلح افراد نے ایس ای لیسکو تھرڈ سرکل کے دفتر پردھاوا بول دیا۔افسر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کئی گھنٹے حبس بیجاء میں رکھا، تفصیلات کے مطابق سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایس ای) تھرڈ سرکل ذوالفقار بلوچ گزشتہ روز اپنے دفتر میں موجود تھے کہ دو افراد آئے اور آتے ہی بدتمیزی شروع کر دی۔ لیسکو ملازمین نے مداخلت کر کے ان کی جان چھڑوائی۔ جس کے بعد 20 مسلح افراد نے دفتر پر دھاوا بول دیا اور ایس ای ذوالفقار بلوچ پر تشدد کرنا شروع کر دیا۔ ملازمین نے چھڑوانے کی کوشش کی تو انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ مسلح افراد نے دفتر میں توڑ پھوڑ کر کے میز، کرسیوں سمیت دروازے کے شیشے توڑ دئیے۔ ملزمان نے ایس ای کو کئی گھنٹے حبس بے جا میں رکھا۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ ملزمان فرار ہو گئے سرکل ذوالفقار بلوچ نے بتایا کہ پہلے دو افراد بل کے مسئلہ میں آئے سمجھانے کی کوشش کی جس پر وہ مشتعل ہو گئے اس کے بعدانہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں کوبلا لیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے متعلقہ تھانہ میں درخواست دے دی گئی ہے۔دوسری جانب واپڈا ہائیڈرو یونین نے اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے آج سرکل بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے سرکل، ڈویژنز اور سب ڈویژنز اورمتعلقہ ریونیو دفاتر میں مکمل طو رپر ہڑتال ہو گی اور ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔