ڈیرہ غازیخان (بیورو رپورٹ)محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے ٹیم کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان کا دورہ کرکے ڈپٹی کمشنر آفس میں عدالت کے دوران خواتین سے متعلق ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے 39 ریونیو کیسز کی سماعت کی۔کنسلٹنٹ عبدالرشید، انچارج پراپرٹی برانچ حافظ فاروق انور کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر صدر نبیل احمد موجود تھے۔خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کو وراثتی جائیداد دلانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے خاتون محتسب کا الگ ادارہ قائم کیا اور یہ عدالت حکم عدولی پر ہائی کورٹ کے اختیارات کی طرح توہین عدالت کی کارروائی کی مجاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2021 کے تحت خواتین کو وراثتی جائیداد کا حق دلایا جائیگا۔خاتون محتسب کی عدالت فوری کارروائی کرتے ہوئے 60 روز کے اندر فیصلے کررہی ہے۔نبیلہ حاکم علی نے کہا کہ خاتون محتسب کی عدالت قبضہ شدہ جائیداد کا مارکیٹ ریٹ پر کرایہ ادا کرنے کا ملزمان کو حکم بھی دے سکتی ہے۔خاتون محتسب پنجاب نے مزید کہا کہ خواتین کی جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ سائلین کے گھروں کے نزدیک کیسز کی سماعت سے عوام کو آسانی ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے حقوق کے دفاع اور ہراسمنٹ سے متعلق فوری داد رسی کیلئے خاتون محتسب کے دفتر سے رجوع کریں۔