سی ٹی ڈی پنجاب کی خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں‘  5 دہشتگرد گرفتار

Jan 15, 2023

لاہور (نمائندہ خصوصی) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کر کے 5مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق خفیہ اطلاعات پر صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں آپریشنزکیے‘ جس میں 27 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ا رکان عبدالصمد بلال‘علی رحمان‘ظریف شاہ‘ ایوب عثمان اورالقاعدہ کا رکن سہیل اختر شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے ایک آئی ای ڈی بم، دھماکہ خیز 2940 گرام، سیفٹی فیوز وائر 20.2 فٹ، ڈیٹونیٹرز 9عدد، ہینڈ گرنیڈ 2عدد‘ پرائما کارڈ 5 فٹ،2 پستول 30 بور معہ 11 گولیاں، کالعدم تنظیم کے 4 پمفلٹ، کالعدم تنظیم کی 3 کتابیں، میچ باکس  1عدد، موبائل فون 4عدد اور 16181روپے نقد برآمد کر لیے گئے ہیں‘ پولیس نے گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف راولپنڈی، ملتان، لاہور اور گوجرانوالہ میں 4 مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی پنجاب نے مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کی مدد سے صوبہ بھر میں مختلف شہروں میں 452 کومبنگ آپریشنز کئے گئے۔ان کومبنگ آپریشنز کے دوران 22833 افراد کو چیک کیا گیا۔ 208 مشتبہ افراد گرفتار‘ 138 ایف آئی آر درج  جبکہ  59 بازیابیاں کی گئیں۔

مزیدخبریں