گوادرماڈرن شپ یارڈ کے لئے نئی جگہ کے حصول کا منصوبہ

Jan 15, 2023

اسلام آ باد  (نوائے وقت رپورٹ ) سی پیک کے تحت گوادر میں اہم پیشرفت ہو رہی ہیں ، بلوچستان میں ملک کے گہر ی سمندری بندرگاہ گوادر میں "نیو ماڈرن شپ یارڈ" کے قیام کے لیے موزوں ترین زمین کی الاٹمنٹ کے لیے تازہ کوششیں جاری ہیں، جس کا مقصد تجارتی جہاز سازی اور مرمت کی صنعت کو ترغیب دینا، نئی ملازمتیں پیدا کرنا اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔  پی ایم سی کے پراجیکٹ مینیجر داد اللہ نے گوادر پرو کو بتایا کہ حکومت بلوچستان نے موضع کپڑ گوادر میں 750 ایکڑ زمین الاٹ کی ہے جو سطح سمندر سے بلندی پر واقع ہے۔ مختص کی گئی زمین گوادر ماڈرن شپ یارڈ کی تعمیر کے لیے درکار بنیادی ضروریات کے مطابق نہیں ہے۔ تکنیکی طور پر شپ یارڈ کو ایسی زمین کی ضرورت ہے جو صفر کی بلندی پر ہو۔حتمی تجویز میں موضع کپڑ کے بجائے ہم نے سوربندر کا علاقہ ماڈرن شپ یارڈ کی تعمیر کے لیے موزوں ترین زمین کے طور پر تجویز کیا۔ سوربندر کی بلندی صفر ہے۔ دوم یہ گوادر ماسٹر پلان 2050 میں شامل کیا گیا ہے۔ آخر میں سوربندر کی زمین کے ارد گرد بہت سی متعلقہ سہولیات آسانی سے دستیاب ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق جی ڈی اے کے عہدیدار نے بتایا کہ جی ڈی اے نے نئے شپ یارڈ منصوبے کے لیے موضع کپڑ میں 750 ایکڑ اراضی کی حد بندی کی تھی جو گوادر پورٹ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ہے۔ جبکہ سوربندر میں نئی مجوزہ زمین گوادر پورٹ سے صرف 24 کلومیٹر دور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر بندرگاہ پر آنے والے کارگو جہازوں کو ضروری ڈرائی ڈاکنگ سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ، گوادر شپ یارڈ نئے بحری جہازوں کی تعمیر کے لیے خدمات بھی پیش کرے گا۔ بحری تجزیہ کار شبیر جلیل نے کہا کہ جہاز سازی کی صنعت ملکی معیشت، خوشحالی اور سماجی ترقی کے لیے اہم ہے۔ 

مزیدخبریں