نیویارک(این این آئی )سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں11 ارکان نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں خواتین کے خلاف تمام جابرانہ اقدامات ختم کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپانی سفیر اشیکانی کمیہیرو نے بتایا کہ 11 ارکان میں البانیہ، برازیل، ایکواڈور، فرانس، گیبون، جاپان، مالٹا، سوئٹزرلینڈ ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا نے شرکت کی۔بیان میں کہا گیا کہ یہ ممالک طالبان سے مطالبہ کرتے ہیں "خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا احترام کریں اور سیاست اور معیشت سے لے کر تعلیم اور عوامی مقامات تک معاشرے کے تمام شعبوں میں ان کی مکمل، مساوی اور بامعنی شرکت اور شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔اس اعلامیے میں خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کو سکولوں اور یونیورسٹیوں سے خارج کرنے اور مقامی اور بین الاقوامی این جی اوز کی جانب سے خواتین کی ملازمت پر پابندی کا حوالہ دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ این جی اوز خواتین کے بغیر ان لوگوں تک نہیں پہنچ پائیں گی جہاں خواتین اور لڑکیوں کو ضروری مدد اور خدمات کی اشد ضرورت ہے۔اس پابندی کی وجہ سے کئی انسانی تنظیموں نے اپنی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی سفیر باربرا ووڈورڈ نے میٹنگ شروع ہونے سے پہلے ٹویٹر پر کہا ہم طالبان کے اقدامات پر ایک متفقہ بین الاقوامی ردعمل پر بات کریں گے۔انہوں نے مزید کہا ہمارا مقصد انسانی تباہی کی طرف بڑھنے سے روکنا اور خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیاں اٹھانا ہے۔
طالبان خواتین کیخلاف تمام جا برانہ اقدامات ختم کریں ، سلامتی کو نسل کے 11ارکان کا مطالبہ
Jan 15, 2023