اسلام آباد؍ بیجنگ (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ہفتہ کو قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 4ہزار 267 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے16ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.37 فیصد رہی ہے۔ وائرس سے متاثرہ 16 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر کے مختلف شہروں میں24گھنٹوں کے دوران کیے گئے پشاور میں192 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے2 مثبت اور شرح 1.04فیصد رہی۔ لاہور میں831 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے3مثبت آئے۔ کیسز کی شرح 0.36فیصد رہی۔ اسلام آباد میں 378ٹیسٹوں میں سے ایک مثبت آیا کیسز کی شرح 0.26فیصد رہی۔ ادھر چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ایک ماہ کے دوران کرونا سے تقریباً 60 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ چین کے بیورو آف میڈیکل ایسوسی ایشن کے سربراہ جیاویا ہوئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین میں کرونا میں مبتلا افراد کے ہسپتال میں داخلے کی تعداد کم ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین میں کرونا میں مبتلا شدید بیمار افراد میں اکثریت بزرگوں کی ہے، ملک میں 8 دسمبر 2022ء سے 12 جنوری 2023ء کے دوران کرونا سے 59 ہزار 938 اموات ہوئیں۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کے خطرے کی زد پر موجود افراد کے لیے مانیٹرنگ اور مینجمنٹ کو مضبوط کریں گے۔ دیہی علاقوں میں ادویات، طبی آلات اور عملے کی تعداد بڑھائیں گے۔