اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی توڑ کے ان آمروں کی فہرست میں شامل ہونگے جنہوں نے ماضی میں اسمبلیاں توڑیں۔ یہ عوام کے ووٹ اور پارلیمانی اکثریت کو اپنے ذاتی فائدے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ وقت سے پہلے عوامی منتخب اسمبلیوں کو توڑنا ان کی آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ بحران پیدا کرنے کی حکمت عملی سے عمران خان کو تو فائدہ ہو سکتا ہے لیکن ملک اس کا متحمل نہیں۔ ہم نے بہت مشکل سے ملک کو سابق نااہل حکومت کی تباہ کاریوں اور ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد ہر صورت میں اقتدار میں آنا ہے، عمران خان اپنی اسمبلیاں توڑنے کی خواہش بھی پوری کر لیں۔