اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کو پنجاب میں انتخابات کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائدِ محمد نوازشریف نے اپنی صدارت میں لندن میں منعقدہ پارٹی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس میں اعلان کیا۔ قائد نواز شریف نے پارٹی صدر محمد شہباز شریف کو پارلیمانی بورڈ قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پورے جذبے، اعتماد اور بھرپور تیاری اور قوت سے آگے بڑھیں۔ نواز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ فتح پاکستان مسلم لیگ ن کی ہو گی۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی کا اہم اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لیا۔ مریم نواز کی وطن روانگی سے قبل ہونیوالے اجلاس میں سی ای سی کے نئے عہدیداروں کا چناؤ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کی سنیئر نائب صدر چیف وآرگنائزر مریم نواز شریف انتخابی مہم کو لیڈ کرینگی۔ نواز شریف نے کہاہے کہ غیر جمہوری سوچ رکھنے والے عمران خان سے کوئی اچھی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔ عمران خان کے دور میں ان کے گھر سے شروع ہونے والی کرپشن کے بارے میں بھی عوام کو بتایا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ قومی اسمبلی اپنا وقت پورا کرے گی کسی بھی صورت عمران خان کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے۔ پنجاب اور کے پی کے میں بھرپور الیکشن لڑیں گے۔
مریم اورنگزیب