میانوالی کو ڈویثرن  بنانے کی مشروط  منظوری الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن روکدیا



لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس میں اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس کے بعد قانونی و آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ کے نام کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان سے جو وعدہ کیا اسے نبھایا اور ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، خلوص اور دل سے ساتھ دیتے ہیں۔عمران خان کی آواز پر لبیک کہا ہے اور آئندہ بھی عمران خان کا ساتھ دیں گے۔ قانون اور آئین کے تحت کام کیا ہے۔ اسمبلی کی تحلیل کے بعد آئین کے تحت نگران سیٹ اپ مشاورت سے تشکیل پائے گا۔ پرویزالٰہی نے واہوا میں جھنگی پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے شہید انچارج پولیس چوکی مظہر عباس اور شہری عبدالباسط کی قربانی کو خراج عقیدت کیا ہے۔ پرویز الٰہی نے پشاور کے تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے اور شہید ڈی ایس پی سردار حسین اور اہلکاروں ارشاد و جہانزیب کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا سسٹر صوبے بن گئے۔ وزیراعلیٰ کی ذاتی کاوشوں سے پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ طے پا گیا۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ معاہدے پر دستخط کی تقریب کیلیفورنیا میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ واصف خورشید نے حکومت پنجاب کی نمائندگی کی۔ امریکہ میں  پنجاب اورکیلیفورنیا کے درمیان ایم او یو کا اطلاق 2026 تک ہوگا۔ پرویز الٰہی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینا بہت بڑی پیش رفت ہے۔معاہدے سے پنجاب اورکیلیفورنیا کے درمیان تجارتی، معاشی،کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 5 ماہ کی قلیل مدت میں 273 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ 12 جنوری 2023ء تک 273 ارب روپے سالانہ ترقیاتی پروگرام  کے تحت استعمال کئے گئے جس پر  پنجاب کابینہ کی جانب سے چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل چیئرمین پی اینڈ ڈی واصف خورشید اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پنجاب نے بلوچستان کو 21 ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کی باقاعدہ منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ عمران خان کی سوچ کو لیکر آگے چل رہے ہیں۔ عمران خان ہمارے قائد اور  کھرے لیڈر ہیں جس کسی کا بھی مسئلہ سنا حل کرنے کی پوری کوشش  کی۔ کابینہ پنجاب اسمبلی پولیس انتظامیہ اور میڈیا ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پنجاب کابینہ نے میانوالی کو ڈویژن کا درجہ دینے کی مشروط منظوری دی۔ میانوالی ڈویژن ضلع میانوالی اور ضلع بھکر پر مشتمل ہوگا۔ یونین کونسلوں کی حد بندیوں کا عمل مکمل  ہونے کے بعد میانوالی کو ڈویژن کا باقاعدہ درجہ دیا جائے گا۔ تلہ گنگ کے علاوہ ملتان خورد کو تحصیل بنانے کی مشروط منظوری دی گئی۔ جام پور کو ضلع کا درجہ دینے کی مشروط منظوری دے دی۔ داجل اور محمد پور کو جام پور کی نئی تحصیلیں بنانے کی مشروط منظوری دی گئی۔ میانوالی سے داؤد خیل تک 36 کلو میٹر طویل سڑک کو سی پیک انٹرچینج سے منسلک کرنے کی منظوری دی گئی۔ میانوالی میں 33 کلو میٹر طویل لکی تھامے والی روڈ کو سی پیک انٹرچینج  سے منسلک کرنے کی منظوری دی گئی۔ اقلیتی قیدیوں کیلئے مذہبی تعلیم  مکمل کرنے پر سزا میں معافی کی منظوری دی گئی۔ ٹیوٹا کورسز کرنے والے قیدیوں کو سزا میں معافی دینے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ جیل وارڈنز کی منظور شدہ اڑھائی ہزار آسامیوں پر بھرتیوں کی پنجاب تھیلے سیمیا اینڈ جینٹک ڈس آرڈر پری ونشن اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کی عمارت کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو میانوالی ڈویژن کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ الیکشن کمشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ میانوالی ڈویژن کا نوٹیفکیشن جاری نہ کریں۔ پنجاب میں حلقہ بندیوں کی وجہ سے ریونیو یونٹس کو منجمد کیا ہوا ہے۔ ریونیو یونٹس منجمد کرنے کا حکم نامہ 16 دسمبر کو جاری کیا گیا تھا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ میانوالی کو ڈویژن کا درجہ دینا الیکشن کمشن احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ بھکر ، میانوالی، تلہ گنگ پر مشتمل ڈویژن کا نوٹیفکیشن  جاری نہ کیا جائے۔ 

پرویز الٰہی

ای پیپر دی نیشن