اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب، سفیر عامر خان نے کہا ہے کہ تنازعات سے متاثرہ ممالک میں امن دستوں کی حفاظت اور تحفظ انتہائی اہم ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ گروپ آف فرینڈز آف سکیورٹی سیکٹر ریفارم SSR کے اجلاس سے خطاب کیا۔ ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں مارچ 2022ء میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں چھ پاکستانی امن فوجیوں کے المناک نقصان کا ذکر کیا۔ سفیر عامر خان نے اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ امن دستوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد اور وسائل کو متحرک کرنا تنازعات کے حالات میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے اہم عناصر ہیں۔ سفیر عامر خان نے مالی، جمہوری جمہوریہ کانگو اور وسطی افریقی جمہوریہ میں سکیورٹی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے پاکستانی امن دستوں کی جانب سے دی جانے والی حمایت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ سے درخواست کی کہ وہ رکن ممالک کو ایس ایس آر سے متعلق پیش رفت بالخصوص امن مشنوں کو فراہم کی جانے والی معاونت کے بارے میں باقاعدہ بریفنگ دی۔