اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) بچوں میں نظر کی کمزوری اور اس کے بچوں کی تعلیمی کارکردگی پر اثرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے سے متعلق فلم کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا جس میں ثروت گیلانی اور عمیر رانا جیسے نامور اداکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ نور نامی اس فلم کو بین الاقوامی ترقیاتی ادارے سائٹ سیورز کی جانب سے جاری کیا گیا۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 40 لاکھ سے زائد بچے نظر کی کمزوری کا شکار ہیں اور اس سے بچوں کی نشوونما اور مستقبل کے مواقع متاثر ہوتے ہیں اور اس کی وجہ سے بچے سکول جانے سے محروم ہو سکتے ہیں۔اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ترقیاتی اداروں، تعلیم ،صحت، آرٹ کے شعبے کے افراد، سفارتکاروں، سرکاری شعبے کے حکام، سکول کے پرنسپلز اور فلم کی کاسٹ اور ہدایتکار نے شرکت کی۔ فلم نور کو سی پرائم اور سائٹ سیورز سوشل میڈیا چینلز پر ڈیجیٹل طور پر بھی لانچ کیا گیا ہے۔وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی،انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو اپنی قوم کی آنے والی نسلوں کے لئے اپنا کردار ادا کرنے اور اپنی پوری کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔