آبی گذرگاہوں کے اطراف تجاوازات کا خاتمہ کیا جائے، ڈاکٹر شمائل ناگوری


جھڈو(نامہ نگار) جھڈو کی سول سوسائٹی کی جانب سے پران ندی بحالی کانفرنس حریم گارڈن جھڈو میں منعقد کی گئی۔ سول سوسائٹی جھڈو کے نمائندوں ڈاکٹر شمائل ناگوری، شیراز بلوچ، حاجی راشد خورشید قائم خانی، ظہیر بشیر قائم خانی، ساجد ناگوری، عمیر قائم خانی، نعمان ناگوری اور دیگر کی جانب سے منقعدہ اس کانفرنس میں مذہبی، سماجی، آبادگار رہنماؤں سمیت جھڈو، نوکوٹ، ٹنڈوجان محمد کے لوگوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر شمائل ناگوری، انجینئر قاضی عبد الرحیم، جامع مسجد کے خطیب اعجاز احمد بھٹو, مذہبی اسکالر نور احمد لاشاری, ایڈوکیٹ اشفاق احمد راجپوت، حاجی علی بخش دلوانی، سول سوسائٹی میرپورخاص کے محمد بخش کپری، فضل الرحمن میمن، کرم اللہ ساند, دین محمد سانڈ، رزاق ڈنو کلوئی, اسلم ملاح, اسلم جونیجو، ایڈوکیٹ ممتاز کھوسو، شہزادہ ملک آغا روز امان, ایوب کھوسو عبدالشکور خروٹی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبی گذرگاہوں کے اطراف میں تجاوازات ختم کرائی جائیں، پران دریا ایک طویل برساتی پانی کی نکاسی کا قدرتی زریعہ ہے اس کی چوڑائی 350 فٹ تک ہے اس کے اطراف قبضے ہونے کے سبب اب یہ چھوٹے سے نالے میں تبدیل ہوگئی ہے برساتی پانی کی نکاسی کے دوسرے ذریعے اسپائنل ڈرین, ایل بی او ڈی ہیں لیکن ان کی غلط ڈیزائننگ کے سبب یہ سیم نالے فائدے کے بجائے الٹا علاقے کیلیے نقصان کا باعث بن گئے ہیں۔ سیلابی پانی کے گھیرے میں آئے ہوئے تعلقہ جھڈو کے 80 فیصد علاقوں کی عوام کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام پر پناہ لینے پر مجبور کردیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن