اینڈی فلاور نے بھی پاکستان کی کوچنگ سے معذرت کر لی: میڈیا رپورٹس

Jan 15, 2023 | 19:20

ویب ڈیسک

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زمبابوے کے سابق کھلاڑی اور کوچ اینڈی فلاور نےپاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے معذرت کر لی ہے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈی فلاور نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے معذرت کر لی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اس وقت ایک غیر ملکی کوچ کی تقرری کے لیے کوشاں ہے کیونکہ کوچنگ اسٹاف کی مدت فروری میں ختم ہو رہی ہے اور آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں صرف چند ماہ ہی باقی ہیں.ایک مقامی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے اینڈی فلاور نے کہا کہ وہ فرنچائز کرکٹ ٹیموں کی کوچنگ میں مصروف ہیں اور مستقبل میں بھی یہی سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔اینڈی فلاور نے کہا کہ میں اس وقت فرنچائز کرکٹ کی ذمہ داریوں سے لطف اندوز ہو رہا ہوں. پی سی بی اس سے آگاہ ہے اس لیے پیشکش سے گریز کیا۔جب اینڈی فلاور سے کپتانی کی شکست پر تبصرہ کرنے کے لیے کہا گیا تو  فلاور نے کہا کہ ان کے لیے کسی مخصوص کھلاڑی کی کپتانی پر تبصرہ کرنا مشکل ہوگا کیونکہ وہ ڈریسنگ روم کا حصہ نہیں ہیں۔تاہم اینڈی فلاور نے اس بات پر زور دیا کہ ہر کھلاڑی کے رنز بنانے کے اپنے طریقے ہوتے ہیں اور ٹیم کا توازن برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کرنا سلیکٹرز، کوچ اور کپتان کا کردار ہے۔اینڈی فلاور نے کھیل کے مختلف فارمیٹس کے لیے الگ الگ کپتان اور کوچنگ اسٹاف رکھنے کے رجحان پر بھی تبصرہ کیا۔زمبابوے کے سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ ان دنوں الگ الگ کپتانوں اور کوچنگ اسٹاف کا رجحان ہے. لیکن اگر کسی ملک میں کوئی کرکٹر ہے جو تینوں فارمیٹس میں اچھی کارکردگی دکھاتا ہے، تو وہ ایک ہی کپتان رکھ سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فلاور کا کہنا تھا کہ میںپاکستانی کرکٹرز کی تعریف کرتا ہوں.ان میں غیر معمولی ٹیلنٹ ہے. ان میں سے کچھ کو بگ بیش لیگ میں شرکت کا موقع ملا، میں انہیں آئی ایل ٹی 20 میں بھی کھیلتا دیکھنا چاہوں گا۔اینڈی فلاور نےپاکستان کے کپتان بابر اعظم کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام فارمیٹس میں ٹاپ کرکٹرز میں شامل ہیں  اور بتایا کہ شان مسعود کی وائٹ بال کرکٹ میں بہتری کتنی متاثر کن رہی ہے۔کوچ اینڈی فلاور نے مزید کہا کہ میں بابر اعظم کو تینوں فارمیٹس میں ٹاپ کرکٹرز میں سے ایک سمجھتا ہوں. خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی میں ان کی کارکردگی اچھی رہی۔شان مسعود کے حوالے سے اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھے کرکٹر ہیں اور گزشتہ چند سالوں میں اس نے وائٹ بال کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر کیا ہے۔اینڈی فلاور کے مطابق شان مسعود نے پی ایس ایل، انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا، وہ بھی ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔

مزیدخبریں