پیپلزپارٹی کا انتخابی نشان کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگی پر گہری تشویش کا اظہار 

اسلام آباد+لاہور(خبرنگارخصوصی+نامہ نگار)پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابی نشان کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کوخط لکھ دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سنٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے جانیوالے خط میں کہا ہے کہ پنجاب کے صوبائی حلقہ پی پی 163 سے پی پی پی پی کے امیدوار محمد فیاض بھٹی کے نشان کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگی پر گہری تشویش ہے، محمد فیض بھٹی نے 12 جنوری 2024 کو پی پی پی پی کا ٹکٹ متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کو جمع کروایا۔ انہیں ایک آزاد امیدوار کے طور پر درج کیا گیا اور پی پی پی پی کے مطلوبہ نشان تیر کی بجائے نشان کیٹل الاٹ کیا ،یہ غیر متوقع تبدیلی انتخابی عمل کی نیک نامی کے بارے میں سنگین خدشات کو جنم دیتی ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ یہ پی پی پی کے امیدوار کو کمزور کرنے کی دانستہ کوشش ہو سکتی ہے اور آئندہ انتخابات کی شفافیت پر سمجھوتہ کر سکتی ہے۔ پی پی 163 کے لیے محمد فیاض بھٹی کو تیر کے نشان کی درست الاٹمنٹ کو یقینی بنا کر اس بے ضابطگی کو دور کیا جائے، اس بات کی چھان بین کرنی چاہیے کہ ایسی خرابی کیسے پیش آئی، امید ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اور ضروری اقدامات کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن