پریس کلبوں کو 9 کروڑ 45 لاکھ گرانٹ تقسیم، صحافی ملکی استحکام کیلئے آگے بڑھیں: محسن نقوی

Jan 15, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر تاریخ میں پہلی بار پنجاب بھر کے 44پریس کلب کو سپیشل گرانٹ جاری کر دی گئی۔ وزیر اعلیٰ آفس میں پنجاب بھر کے پریس کلب کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو سپیشل گرانٹ کے چیک دینے کی خصوصی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے پنجاب کے تحصیل، ضلع اور ڈویژن کے پریس کلب کے صدور کو خصوصی گرانٹ کے چیک دیئے۔ 44پریس کلب کے صدور کو مجموعی طور پر 9کروڑ 45لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے۔ ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال پریس کلب کے صدور اور جھنگ، خانیوال سمیت مختلف اضلاع اور تحصیل پریس کلب کے صدور کو بھی چیک دئیے گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئے تو چند ماہ کے لئے لیکن تقریباً ایک سال گزر گیا۔ میں پوری کوشش ہے کہ پروفیشنل صحافیوں کے لئے کچھ ضرور کر کے جائیں۔ یہ خصوصی گرانٹ ہے جو ہم نے پریس کلب کو دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پریس کلب کیونکہ لاہور میں ہے اسے پہلے بھی سپورٹ کیا گیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے لیکن دیگر پریس کلب نظر انداز ہو جاتے تھے۔ پہلی بار چھوٹے پریس کلب کو یہ گرانٹ دی گئی ہے۔ خواہش ہے کہ پریس کلب کو ملنے والی یہ گرانٹ سالانہ گرانٹ میں تبدیل ہو جائے تاکہ پریس کلب کو یہ گرانٹ مستقل ملتی رہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا صحافی کی حیثیت سے میں سمجھتا ہوں کہ ہم پر بہت ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ صحافی بھی ہوں اور اب وزیراعلیٰ بھی، جب میں نے یہاں آکر دیکھا تو احساس ہوا کہ ہم بہت جگہ پر غلطی کر جاتے ہیں۔ جب اس منصب سے ہٹ جاؤں گا تو پھر یہ بات شیئر کروں گا کہ ہم کہاں پر غلطیاں کرتے ہیں۔ صحافیوں کی اکثریت ذمہ دار اور فرض شناس ہے۔ فخر ہے کہ میرا تعلق ملک کے لئے خدمات سرانجام دینے والی صحافی برادری سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عہدے کا چارج سنبھالا تو بہت سارے لوگوں نے تنقید کی کہ یہ صحافی ہے یہ کیا کر سکتا ہے۔ ہم نے حتی الامکان کوشش کی، دن رات ایک کیا اور پوری ٹیم نے محنت کی اور ڈلیور کرنے کی پوری کوشش کی۔ مجھے بہترین ٹیم ملی، اکیلا ہوتا تو میں کچھ بھی نہیں کر سکتا تھا۔ پوری ٹیم نے کوشش کی اورکچھ رزلٹ بھی دیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی وزیر مرتضی سولنگی کا شکر گزار ہوں کہ وہ بھی اس تقریب میں تشریف لائے۔ چھوٹے پریس کلب کو گرانٹ دینا ہم سب کا فرض تھا جو ہم نے پورا کیا ہے۔ پریس کلب کو ملنے والی گرانٹ صحافی برادری انفارمیشن ٹیکنالوجی پرخرچ کرے۔ اخبارات کا ایک عہد تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اخبارات کا عہد نیچے ہوتا گیا اور ٹی وی نے اسے کی جگہ لے لی۔ اب ٹی وی ختم ہونے جا رہا ہے اور ڈیجیٹل میڈیا اس کی جگہ لے رہا ہے۔ آپ سب نے ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے ٹریننگ لینی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ یہ گرانٹ صحافی سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارم کے لئے استعمال کریں۔ اسی میں آپ کا فائدہ ہے۔ اخبارات کی ایک اپنی مارکیٹ تھی جو کم ہوئی، اسی طرح ٹی وی کی مارکیٹ نے بھی نیچے جانا ہے اور ڈیجیٹل میڈیا نے اوپر آنا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پریس کلب کو گرانٹ کسی پر احسان نہیں دنیا بھر میں کلبز کو گرانٹس دی جاتی ہے۔ میری تجویز ہے کہ پریس کلب اپنا ریونیو بڑھانے کے لئے فنانشل ماڈل اپنائیں۔ ہم نے صحافت میں سیاست نہیں ڈالی، پروفیشنل جرنلسٹس کے لئے مساوی پالیسی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ برادری ہونے کے ناطے صحافی بھائیوں کی معاونت فرض سمجھتے ہیں۔ علاقائی پریس کلبوں کو ڈویلپ کر کے جدید خطوط پر استوار کیا جانا چاہیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ محسن نقوی کو پنجاب کا شیر شاہ سوری ثانی کہتا ہوں۔ خوشی ہے کہ 9کروڑ 45لاکھ روپے کی خطیر رقم پریس کلبوں میں بلاامتیاز تقسیم کی گئی۔ محسن نقوی نے سڑکو ں اور ہسپتالوں کا ہی نہیں صحافیوں کا بھی خیال رکھا۔ محسن نقوی دن دیکھتے نہ رات، دھند دیکھتے ہیں نہ سردی، دھوپ دیکھتے ہیں نہ چھاؤں، بس کام کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر، ڈائریکٹر نیوز، ڈی ڈی پی آئی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ارفع کریم آج بھی ہمارے دلو ں میں زندہ ہے۔ ارفع کریم نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ ارفع کریم نے کم عمری میں ملک وقوم کا نام بین الاقوامی سطح پرروشن کیا۔ قوم کی اس ہونہار بیٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جو دیا جلایا وہ ہمیشہ روشن رہے  گا۔

مزیدخبریں