لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) بھارت سمیت دشمن قوتوں نے ہمیشہ انتشار پھیلانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہیں۔ ہمیں ذاتیات سے ہٹ کر ملکی ترقی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ پاکستان عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔ یہ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دشمن قوتوں نے ہمیشہ ملک میں مذہب اور سیاست کے نام پر انتشار اور افتراق پیدا کرنے کی کوشش کی وہ ناکام رہیں اس لیے دینی اور سیاسی جماعتوں کو ملکی سا لمیت انتشار کے خاتمے اور غریب عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے مثبت لائحہ عمل تشکیل دینا ہو گا۔ اگر مذہبی وسیاسی جماعتوں اس طرف توجہ نہ دی تو عوام پہلے ہی بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں وہ ان سے نفرت کریں گے کیونکہ سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ عوام کو لالی پاپ دے کر اقتدار حاصل کیا لیکن ان کی پریشانیوں کے خاتمے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔ بھارت پاکستان کو کمزور کرنے کے حربے اس وقت استعمال کرتا ہے جب ہم اندورنی طور پر خلفشار کا شکار ہوتے ہیں۔ آج بلوچستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کروا رہا ہے اس لیے ہمیں متحد ہو کر ملکی سلامتی اور ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دینا ہو گا تاکہ غربت کا خاتمہ ہو سکے پاکستان معاشی ترقی کی طرف گامزن ہو سکے۔