لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) صوبہ بھر کے مزارات پر جاری ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ کیلئے وزیر اوقاف سیّد اظفر علی ناصر اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہررضا بخاری ہمہ وقت متحرک ہیں۔ ملتان میں دربار حضرت شاہ شمسؒ اور حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے مزارات کے پراجیکٹس کا جائزہ لینے کیلئے انہوں نے سائٹس وزٹ کیا۔ انہوں نے والڈ سٹی کو کام کی رفتار بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اوقاف و سیکرٹری اوقاف نے دربار حضرت شاہ شمسؒ پر جاری ترقیاتی کام بیرونی احاطہ مسافر خانہ، لنگر خانہ، امام بارگاہ، داخلی گیٹ و چار دیواری کے حوالے سے متعلقہ آفیسر ان سے بریفنگ لیتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے، دربار کے گنبد پر گرین کاشی ٹائیلزکی تکمیل اورداخلی راستے کے سامنے دیوار ہٹانے کی موقع پر ہدایات فرمائیں تاکہ محکمہ بلڈنگ زائرین کو جلد از جلد سہولیات میسر کرنے کیلئے اپنا کام مقررہ مدت میں مکمل کرسکے۔ اس موقع پربلال افضل، سہیل اشرف،کیپٹن (ر)رضوان قدیر، سیمل مشتاق، رانا طارق علی،سیّد راول علی گیلانی اوروالڈ سٹی، لوکل گورنمنٹ و دیگر محکمہ جات کے آفیسر ان بھی موجود تھے۔ دریں اثناء سیکرٹری اوقاف نے وزیر اوقاف کے ہمراہ دربار حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کا دورہ کیا اور دربار شریف پر جاری والڈ سٹی کی طرف سے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سیّد محسن رضانقوی کے ویژن کی روشنی میں ترقیاتی کام کو اندر معیارمکمل کرنے کے احکامات صادر فرمائے۔
سیّد اظفر علی ناصر،ڈاکٹر طاہررضابخاری کامزارات پر ترقیاتی امور کا جائزہ کیلئے دورہ ملتان
Jan 15, 2024