لاہور (نیوز رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ جب تک ریاست کی جانب سے شہریوں کو تمام بنیادی حقوق نہیں دئیے جائیں گے۔ مرکزی مسلم لیگ کا منشور ریاست کو وقار کے ساتھ چلانا اور قوم کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے، خدمت کی سیاست سے ملک میں تبدیلی لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 124 میں انتخابی جلسہ اور مسلم لیگ کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قاری یعقوب شیخ،چوہدری محمد سرور،امیدوار این اے 124 امین بیگ، امیدوار پی پی 163 ڈاکٹر محمد عمران، عمران لیاقت بھٹی، ثاقب جاوید عارفی، ڈاکٹر یوسف، اکرم رحمانی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کی حقیقی نمائندگی کرے گی۔ عوام فیصلہ کرے کہ انہوں نے صرف الیکشن کے دنوں میں نظر آنے والوں کا ساتھ دینا ہے یا پھر ہر وقت عوام میں رہنے والے اور خدمت کرنیوالوں نمائندوں کو ووٹ دینا ہے۔ آمین بیگ نے کہا کہ عوام چوروں اور لٹیروں کی پہچان کرے اور اپنے نمائندوں کو ملک سدھارنے کا موقع دیں۔ ڈاکٹر عمران نے کہا کہ ہم اس حلقے کی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ8فروری کو کرسی پر مہر لگا کر پاکستان سے محبت اور وفاداری کا ثبوت دیں۔