لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت سی سی پی او آفس میں کینٹ اورماڈل ٹاؤن ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔سی سی پی او لاہور نے دونوں ڈویژنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔سی سی پی او لاہورنے اجلاس کے دوران پینڈنگ روڈ سرٹیفکیٹس اور زیر تفتیش مقدمات کو جلد یکسو کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اے وی ایل ایس کی معاونت سے موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔عادی چوروں، ڈاکوؤں اور اشتہاریوں کے خلاف مربوط کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے اشتہاریوں کی گرفتاری، شناخت پریڈ اور ریکوری امور مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ انوسٹی گیشن ونگ مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرکے مظلوم کو انصاف کی فراہمی اور چالان کی بروقت تکمیل یقینی بنائے۔ کوالٹی انویسٹی گیشن حصول ِانصاف کا بنیادی ذریعہ ہے اورمظلوم کی داد رسی کوالٹی انوسٹی گیشن سے ہی ممکن ہے۔غیر قانونی حراست، اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے نارواسلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے افسران و اہلکاروں کوشہریوں کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں سر انجام دیں اس سے ادارہ کی امیج بلڈنگ میں بھی مدد ملے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن عمران کشور، ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر، ایس ایس پی آپریشنزسید علی رضا،ایس ایس پی انوسٹی گیشن انوش مسعود چوہدری نے اجلاس میں شرکت کی۔ کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارج انوسٹی گیشنزبھی اجلاس میں موجود تھے۔
عادی چوروں، ڈاکوؤں‘ اشتہاریوں کیخلاف مربوط کریک ڈاؤن کا حکم
Jan 15, 2024