فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ ارفع کریم کی بارہویں برسی کے موقع پر مرحومہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے لائلپور میوزیم میں تقریب منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر لائل پور میوزیم خورشید جیلانی نے کہا کہ ارفع کریم فیصل آباد کی وہ قابل فخر بیٹی ہے جس نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا اور ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بن گئیں۔ لائل پور میوزیم کا پورا سٹاف انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ بارھویں برسی کے موقع پر لائل پور عجائب گھر میں شمعیں روشن کی گئیں اور ارفع کریم کے کارنامے پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ میوزیم سٹاف اور دیگر شرکاء نے ہاتھوں میں ارفع کریم کی تصاویر کے ساتھ موم بتیاں روشن کر کے خراج عقیدت پیش کیا اور دعائیہ تقریب بھی ہوئی۔ ارفع کریم کا تعلق فیصل آباد کے چک رام دیوالی (ارفع کریم نگر) سے تھا اور ان کے بچپن اور زمانہ طالب علمی کے میڈلز، اسناد، کتابیں، یونیفارم، پیانو اور دیگر اشیاء لائل پور میوزیم کے ارفع کریم کارنر میں موجود ہیں۔
ارفع کریم کی برسی‘ فیصل آباد میوزیم میں خراج تحسین کیلئے تقریب‘ شمعیں روشن
Jan 15, 2024