برآمدی صنعتوں کیلئے نیا سٹریٹجک پلان آف ایکشن متعارف کرایا جائے:اعجاز الرحمان  

Jan 15, 2024

لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ ہنر کی فراہمی کیلئے جاری پروگراموں پر نظر ثانی کرنے اور جدت لانے کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت نا گزیر ہے۔برآمدی صنعتوں کیلئے نیا سٹریٹجک پلان آف ایکشن متعارف کرایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرنے والے ممتاز صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ ہنر فراہم کرنیوالے اداروں اور صنعتوں کو پیشہ وارانہ تعلیم ،متعلقہ تکنیک اور تربیت کے فروغ کے تناظر میں گہرے روابط رکھنے چاہئیں۔ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے معاونت حاصل کرنے والی صنعتوں کے مخصوص تربیتی اداروں ، صنعت کے نمائندوں ،برآمد کنندگان، صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور دیہی علاقوں میں کام کرنیوالی تنظیموں کو وسیع مشاورت کر کے تربیتی پروگراموں کے حوالے سے مستقبل کا منصوبہ بنانا چاہیے۔ جس کا اولین مقصد مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہونا چاہیے۔ انڈسٹری میںٹیکنالوجی کے حوالے سے نئی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے اور اس سے بلا تاخیر استفادہ کرنا چاہیے۔مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے معاونت حاصل کرنیوالے تربیتی اداروںکو صنعت کے مالکان، مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کے ساتھ جامع مشاورت کی ضرورت ہے تاکہ عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کیلئے ان کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

مزیدخبریں