پنجاب کے میدانی علاقے بدستور شدید دھند کی لپیٹ میں، موٹرویزبند 

Jan 15, 2024

اسلام آباد: (نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ہر طرف یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقے بھی بدستور شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایم ٹو لاہور سے شیخوپورہ، ایم تھری سمندری سے درخانہ تک بند ہے۔ ایم فور ملتان سے فیصل آباد اور ایم فائیو شیر شاہ سے رحیم یارخان تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے جبکہ ایم 14 کو رات گئے کھڑپہ سے کوٹ بیلیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کے حفاظت ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں سے درخواست کی کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائیں۔کینیڈا کے صوبہ البرٹا کے شہر ایڈمنٹن میں سردی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ ایڈمنٹن میں منفی 42 ڈگری درجہ حرارت ہے جبکہ ٹھنڈی ہواں کے ساتھ منفی 53 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، سخت ترین موسم اور شدید برف باری کی وجہ سے سینکڑوں فلائٹس متاثر ہوچکی ہیں۔ البرٹا ایسوسی ایشن کو صرف 3 روز میں 10 ہزار سے زائد سڑکوں پر گاڑیوں کی مدد کے لیے کالز موصول ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کینیڈا نے شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایات کی ہیں اور خبردار کیا ہے کہ صرف چند منٹوں میں انسانی جلد متاثر ہو سکتی ہیں۔

مزیدخبریں