گجرات (نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما امیدوار این اے 64چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ گجرات میں گزشتہ 10سال سے جو ہوتا رہا اُس سے ظہور الٰہی خاندان کی صرف بدنامی ہوئی ہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا ہم اپنے دادا ظہور الٰہی طرز کی سیاست کر کے پیسہ نہیں بلکہ عزت کمائیں گے۔ ایسے کام کریں گے کہ کوئی بھی خاندان کی عزت پر سوال نہ اٹھا سکے۔ مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گجرات کی عوام نے ہمارے خاندان کو ہمیشہ عزت دی۔ انہی کی وجہ سے ہمیں وزارتیں، عہدے ملے لیکن ہمارے خاندان کے کچھ افراد نے یہ باتیں بھول کر اپنے مفادات کو ترجیح دی جس سے کرپشن کے سکینڈل بھی بنے۔ اس وقت ٹریند یہ چلایا جا رہا ہے کہ ایک ہی شخص مسائل کا حل کر سکتا ہے حالانکہ حقیقت یہی ہے کہ فرد واحد ملک کے مسائل کا حل نہیں کر سکتا۔ 15سال تک یہاں بیٹھنے والوں نے نہ صرف بھیس بدلا بلکہ جماعت بھی بدلی مگر طور طریقے تبدیل نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مجھے موقع دیا تو کبھی بھی انہیں مایوس نہیں کرونگا۔ گجرات کو حقیقی معنوں میں ماڈل شہر بنائیں گے۔ اس موقع پر سید حسن شاہ ، وریام گجر، چوہدری اختر سرکانہ، بلال لیاقت وڑائچ، شاہد مرالہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔
گجرات میں 10 سال سے جو ہو رہا ظہور الٰہی خاندان کی بدنامی ہوئی: سالک حسین
Jan 15, 2024